حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سمانہ،پنجاب/ پنجاب کے تاریخی شہر سمانہ میں درگاہِ عالیہ مشہدِ ہند کے زیرِ اہتمام 21 اور 22 نومبر 2026ء کو سالانہ مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء، خطباء، ذاکرین، شعراء اور ماتمی انجمنوں کے اراکین سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکھ برادری کے افراد اور نمائندوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس سے اس مذہبی اجتماع میں بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ تہذیبی روایات کی ایک خوب صورت جھلک دیکھنے کو ملی۔
ان تقریبات کا ایک اہم حصہ امام مشہد علی کی حیات، خدمات اور تاریخی مقام کو اجاگر کرنے کے 21 نومبر کی شب مشہدِ ہند سمانہ کمیٹی پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا ایک روزہ انٹرنیشنل سیمینار تھا، جس میں امام مشہد علی کی حیات و خدمات، ہندوستان آمد اور سمانہ کے تاریخی و مذہبی پس منظر پر مختلف علمی و تحقیقی مقالات پیش کیے گئے۔

سالانہ مجالس کے دوران علماء و خطباء نے فضائل و مصائبِ اہلِ بیت علیہم السلام بیان کیے، جبکہ ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی اور ماتمی جلوسوں کے ذریعے بارگاہِ اہلِ بیت علیہم السلام میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ شعراء نے بھی سلام اور منظوم کلام کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
انٹرنیشنل سیمینار: امام مشہد علی کی حیات و خدمات پر علمی و تحقیقی گفتگو
اس سال کی تقریبات کا ایک اہم اور یادگار حصہ انٹرنیشنل سیمینار تھا، جو مشہدِ ہند سمانہ کمیٹی پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر زماں آزردہ، سابق صدر شعبۂ اردو، کشمیر یونیورسٹی نے کی، جبکہ مولانا سید تقی حیدر نقوی نے کلماتِ کلیدی پیش کیے۔

سیمینار کے آغاز میں مشہدِ ہند سمانہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری جناب شبیر حسین نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ ضیغم عباس نے تعارفی کلمات کے ذریعے سیمینار کے اغراض و مقاصد اور اس کی علمی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سیمینار میں امام مشہد علی کی حیات، خدمات، ہندوستان آمد، سمانہ کی تاریخی و مذہبی حیثیت اور درگاہِ مشہدِ ہند کے علمی و تاریخی پس منظر سے متعلق مختلف موضوعات پر مقالات پیش کیے گئے۔
مقالہ نگاروں کی علمی و تحقیقی کاوشیں
ڈاکٹر پروفیسر سید ریحان حسن نے ’’پنجاب کا کم شدہ ورثہ: مشہد علی کی بازیافت، حقائق کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا اور اس تاریخی و مذہبی ورثے کی بازیافت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مولانا سید رضی حیدر نے ’’امام مشہد علی اور سمانہ، پنجاب‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی، جبکہ جناب عادل فراز نے بھی سیمینار میں اپنا مقالہ پیش کیا۔ مولانا سید نصرت علی نے ’’سمانہ کے حالات اور اس کے اثرات‘‘، مولانا سید عترت حسین نے ’’مشہدِ ہند سمانہ: ایک تحقیقی جائزہ‘‘ اور مولانا میثم زیدی نے ’’سمانہ: ایک تاریخی مرکز‘‘ کے عنوان سے اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے۔

مولانا ابن حسن املوی نے قرآن کریم، حدیث اور تاریخ کی روشنی میں کرامت کے اثبات اور درگاہِ سمانہ کی حقیقت و برکت کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ مولانا اشجع رضا نے امام علی کی عظمت و برکت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر پروفیسر عباس رضا نیّر جلال پوری نے ’’امام مشہد علی کی ہندوستان آمد‘‘ کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ سیمینار کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زماں آزردہ نے بھی امام مشہد علی سے متعلق بعض تاریخی مآخذ کا جائزہ پیش کیا اور اس موضوع پر مزید تحقیق و مطالعے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

مقالات کی کتابی صورت میں اشاعت کا اعلان
سیمینار کے اختتام پر مشہدِ ہند سمانہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری جناب شبیر حسین نے تمام مقالہ نگاروں، علماء، دانشوروں، محققین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیمینار میں پیش کیے گئے تمام علمی و تحقیقی مقالات کو یکجا کرکے ایک خوب صورت کتاب کی صورت میں شائع کیا جائے گا، تاکہ امام مشہد علی کی حیات و خدمات اور سمانہ کے تاریخی و مذہبی ورثے سے متعلق علمی مواد محفوظ ہو اور آئندہ نسلوں تک پہنچ سکے۔
سیمینار کے کنوینر ڈاکٹر پروفیسر ریحان حسن نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور پروگرام کو بحسن و خوبی آگے بڑھایا۔

سکھ برادری اور سرکاری نمائندوں کی خصوصی شرکت
اس موقع پر پنجاب کے سابق وزیر اور سابق رکنِ اسمبلی مسٹر سرجیت سنگھ رکھڑا سمیت دیگر سرکاری نمائندوں نے بھی درگاہِ عالیہ مشہدِ ہند سمانہ میں خصوصی حاضری دی۔ ان کی آمد پر مولانا اشجع رضا، آئی اے ایس جناب انیس حیدر المعروف سرفراز، ایڈووکیٹ ضیغم عباس، چیئرمین مشہدِ ہند سمانہ کمیٹی، اور جناب شبیر حسین، جنرل سکریٹری کمیٹی نے پرتپاک استقبال کیا۔
مہمانانِ خصوصی کی شال پوشی کی گئی اور انہیں درگاہ کی جانب سے خوب صورت یادگاری مومنٹو پیش کیا گیا۔

سالانہ مجالس اور انٹرنیشنل سیمینار میں زائرین، علماء، دانشوروں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ علمی و مذہبی اجتماع نہ صرف امام مشہد علی کی حیات و خدمات کو اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا، بلکہ سمانہ کے تاریخی، مذہبی اور علمی ورثے کو محفوظ کرنے اور اس پر مزید تحقیق کی راہیں ہموار کرنے کی جانب بھی ایک قابلِ قدر پیش رفت قرار پایا۔










آپ کا تبصرہ